فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے اسلام مخالف بیان پر مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار فٹبالر پال پوگیا نے بین الاقوامی سطح پر فرانس کی نمائندگی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی اور گستاخانہ خاکوں کی سرپرستی کے بیان پر پوری دنیا سے ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
عرب ویب سائٹ پر شائع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27 سالہ پال پوگیا کی جانب سے فرانس کی طرف سے نہ کھیلنے کا فیصلہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے طالب علموں کو گستاخانہ خاکے دکھانے پرایک مسلمان شخص کے ہاتھوں قتل ہونے والے استاد کو فرانس کا سب سے بڑا اعزاز ملنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پال پوگیا کا کہنا ہے کہ مقتول استاد کو اعزاز دینا وہ اپنی اور فرانسیسی مسلمانوں کی توہین سمجھتے ہیں۔
واضح رہے فرنچ فٹبال ایسوسی ایشن اور پال پوگیا کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے اسلام مخالف بیانات کے بعد مسلمان ممالک کی طرف سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی طرح سوڈان سمیت کئی ایک ممالک میں فرانسیسی سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے ہیں۔