اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر کے تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق بریفننگ دی گئی۔
کورونا کی دوسری لہرکے پیش نظر حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ ملک کے 11 شہروں میں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، سیکرٹری صحت اور چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیس سامنے آنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
این سی او سی نے تمام صوبوں کو ایس او پیز اور ماسک پہننے پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔
این سی او سی نے کہا صوبے بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک لازم قرار دیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 14 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 759 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 200 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 825 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 477 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 11 ہزار 814 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 611 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔