مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر دستخط کر دیئے۔
ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے امریکی جیل میں اسیر پاکستانی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرایا گیا۔
وزارت خارجہ کے جواب میں بتایا گیا کہ کورونا کے باعث عافیہ صدیقی سے ہمارے کونسل جنرل کی ملاقاتیں رک گئی ہیں، تاہم عافیہ صدیقی سے 24 ستمبر کو قونصل جنرل ہوسٹن کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔
جواب میں بتایا کہ 24 ستمبر کو ڈاکٹر عافیہ قونصلر جنرل سے ملاقات میں بات چیت کے دوران چوکنا تھیں، اس دوران عافیہ نے بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
جواب کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ماہر نفسیات نے ان کا حال میں ہی معائنہ کیا تھا، اور ان کو ماہر نفسیات نے ذہنی حوالے سے صحت مند قرار دیا۔