حکومت پاکستان کی جانب سے مصر سے درآمد کی گئی چینی پورٹ قاسم پر پہنچ گئی ہے۔
وزارتِ صنعت و پیداوارکی جانب سے جاری بیان کے مطابق جہاز 25 ہزار میٹرک ٹن چینی لے کر مصر سے پاکستان پہنچا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ پورٹ قاسم پر چینی کی آف لوڈنگ جاری ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق چینی کا دوسرا جہاز 50 ہزارمیٹرک ٹن چینی لے کر 30 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گا جس کے بعد چینی مارکیٹ میں 80 روپے کلو فروخت ہو سکے گی۔
حکام کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے برقرار رہے گی، اوپن مارکیٹ میں چینی کی اوسط قیمت 80 سے 83 روپے ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹی سی پی کی جانب سے درآمد کی گئی چینی آئندہ دو سے تین روز میں پنجاب اور یوٹیلٹی اسٹورز کو فراہم کی جائے گی۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس میں سے 5 ہزار میٹرک ٹن چینی یوٹیلٹی اسٹورز اور 20 ہزار ٹن پنجاب کو دی جائے گی۔
حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ چینی کو سستے داموں مارکیٹ میں فروخت کیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نومبر میں مزید 25 ہزار میٹرک ٹن چینی پاکستان پہنچ جائے گی۔
وزرات صنعت وپیدوارنے بتایا ہے کہ درآمدی چینی میں سے ایک لاکھ ٹن پنجاب حکومت کو دی جائے گی۔
ابتدا میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو 25 ہزار میٹرک ٹن چینی دی جائے گی۔
حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت زیادہ ہوئی تو چینی کی مقدار کو 25 سے بڑھا کر 50 ہزار میٹرک ٹن بھی کیا جا سکتا ہے۔