فیس بک پر وزیراعظم عمران خان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے اور وہ اس پلیٹ فارم پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے چوتھے سیاستدان بن گئے ہیں۔
پاکستانی سیاستدانوں کی بات کی جائے تو عمران خان پہلے اور واحد سیاستدان ہیں جن کے فیس بک پر فالورز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔
اس وقت امریکا کے سابق صدر باراک اوباما فیس بک پر سب سے مقبول سیاست دان ہیں، انہیں 5 کروڑ 60 لاکھ افراد فالو کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم دوسرے نمبر پر ہیں جن کے فالوورز کی تعداد ساڑھے 4 کروڑ ہے۔
امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے نمبر پر آتے ہیں، انہیں 3 کروڑ افراد فالو کر رہے ہیں جبکہ عمران خان ایک کروڑ فالوورز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
ٹوئٹر پر بھی پاکستانی سیاستدانوں میں وزیراعظم عمران خان سب سے آگے ہیں، ان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ہے۔
25 ستمبر کو عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کیے گئے خطاب کی ویڈیو اقوام متحدہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بن گئی تھی۔
یکم اکتوبر تک ان کے خطاب کی ویڈیو کو ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد بار دیکھی جا چکی تھی۔