پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 افراد انتقال کر گئے ہیں جو تین ماہ بعد ایک ہی دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل 6 اگست کو پاکستان میں ایک روز کے دوران کورونا سے 21 اموات ہوئی تھیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1078 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ شرح ایک ہزار سے کم رہی تھی۔
ملک میں 29 جولائی کو ایک روز میں کورونا کے 1063 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 1078 کیسز سامنے آئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 32933 ٹیسٹ کیے گئے جن سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 70 روز بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3 فیصد سے زائد رہی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 6795 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 32186 تک جا پہنچے ہیں۔