بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ تھپستن چیونگ نے انکشاف کیا ہے کہ چینی فوج نے مزید بھارتی علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے اور بھارتی فوجی شدید سرد موسم میں ٹینٹوں میں رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق تھپستن چیونگ نے بتایا ہے کہ چینی فوج نے 8 کلومیٹر مزید رقبہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور بھارتی کی دو اہم پوزیشنوں پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل چین نے فنگر 4 پر قبضہ کیا تھا مگر اب وہ فنگر 2 اور 3 پر بھی قابض ہو گئی ہے۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں مقامی افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر تعینات بھارتی فوجی خون جما دینے والے درجہ حرارت میں ٹینٹوں میں رہ رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت ان فوجیوں کو رہنے کے لیے مناسب شلٹر فراہم کرے اور چینی حکومت سے مذاکرات کے ذریعے اپنا علاقہ واپس لے۔
یاد رہے کہ بھارتی اخبار نے یکم ستمبر کو بتایا تھا کہ چینی فوج نے بھارت کے ایک ہزار کلومیٹر رقبے پر قبضہ کر لیا ہے۔
بھارتی فوج موجودہ کشیدگی سے قبل فنگر 8 تک پٹرولنگ کیا کرتی تھی مگر اب فنگر 2،3 اور 4 ان کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں، یہ تزویراتی طور پر بہت اہم جگہیں ہیں۔