اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بدحواسی میں پہاڑوں پر بم گرائے اور ہم نے دن کی روشنی میں بھرپور جواب دیا۔
جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل ایک ایسابیان دیا گیا جس میں حقائق کو مسخ کیا گیا۔ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اللہ کی مدد سے ہمیں دشمن پر واضح فتح نصیب ہوئی۔ پاکستان کی فتح کو پوری دنیا نے تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کوایک موقع دیتے ہوئے ابھی نندن کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے اعلانیہ طور پر دن کی روشنی میں دشمن کو جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور افواج ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ منفی بیانیے سے دشمن فائدہ اٹھارہا ہے ہمیں ذمہ داری سے آگے بڑھنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم اندرونی اور بیرونی خطرات سے آگاہ ہیں اور ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ایک منظم ادارہ ہے، افواج کی قیادت اور رینک کو جدا نہیں کیاجاسکتا ہے۔
انہوں نے ہر وسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔