بھارت میں کورونا کے مثبت کیسز 80 لاکھ تک پہنچ گئے ہیں جس کے بعد بھارت ایشیا میں سب سے زیادہ کورونا سے متاثرہ ملک بن گیا ہے۔
دوسری جانب پہلے نمبر پر ابھی بھی امریکا ہے جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 90 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
جمعرات کو بھارت کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں 50 ہزار کے قریب نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔
وزارت صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ جمعرات کے روز تک 517 نئی اموات ہوئی ہیں جس کے بعد وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 527 ہو گئی ہے۔
بھارت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رواں سال جولائی کے وسط تک کورونا کے مثبت کیسز 10 لاکھ تک جا پہنچے تھے، صرف 2 ماہ بعد کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے وسط سے کورونا کے کیسز اور اموات میں نسبتاً کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ستمبر کے بعد سے ایک دن میں 97 ہزار 894 کیسز بھی ریکارڈ کیے گئے جب کہ 1275 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے تہواروں سے کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
جرمنی میں کورونا کا وار
رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشس ڈیزیز کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق جرمنی میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 81 ہزار تک جا پہنچی ہے۔
جرمنی میں کورونا کا شکار ہو کر جان سے جانے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 272 تک جا پہنچی ہے۔
جرمن چانسلر انجیلا مارکل نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ ریسٹورنٹس، بارز اور تھیٹرز 2 نومبر سے 30 نومبر تک بند کر دیے جائیں گے۔
جرمن چانسلر نے اعلان کیا تھا کہ مقامی حکومتوں کے سربراہان اس بات پر متفق ہیں کہ کورونا کی نئی لہر کے دوران اسکولوں کو ایس او پیز کے تحت کھلا رکھا جائے گا جب کہ ضروریات کی دکانوں کو بھی مکمل اصول وضوابط کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ ہمیں اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا صحت کا نظام کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
ایران میں کورونا کی صورتحال
ایرانی حکومت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق بدھ کو ملک میں کورونا کے باعث ریکارڈ اموات ہوئیں۔
ایرانی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 415 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
وسط ایشیائی ملک نے کورونا کے خلاف فل اسکیل جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان سیما سادات لاری کا کہنا تھا کہ ہم کورونا کے خلاف فل اسکیل جنگ کی حالت میں ہیں۔
80 ملین آبادی کے اس ملک میں کورونا کے باعث ہونے والی نئی اموات کی تعداد 33714 تک جا پہنچی ہے۔