پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے، ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں کووڈ 19 کے کیسز بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے متعدد اداروں کو بند بھی کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے آج وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کے زیرصدارت اہم اجلاس ہو گا جس میں میں ویڈیو لنک کے ذریعے چاروں صوبوں، آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ متوقع ہے جبکہ کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ملک بھر میں دوبارہ تعلیمی ادارے بند کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اپریل سے اگست تک کے تعلیمی سال پر گفتگو بھی ہو گی جبکہ اجلاس میں آٹھویں کلاس کے بورڈ امتحانات سے متعلق اہم فیصلہ بھی متوقع ہے۔
اسی طرح وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں آج قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بھی ہونا ہے جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے یا بند کرنے کے امور پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں کاروباری مراکز کے اوقات کار اور شادی ہالوں و پبلک ٹرانسپورٹ کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر کی سفارشات کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔