وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک دوبارہ لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اس لیے اب ہم اپنی صنعتیں بند نہیں کریں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک استعمال کریں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
یاد رہے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہرجاری ہے اور اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئی ایک ممالک نے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے چھوٹی صنعتوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹی صنعتوں کو اضافی بجلی 50 فیصد پر فراہم کریں گے۔
کورونا کی دوسری لہر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو کورونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے لیکن اللہ نے پاکستان پر بہت کرم کیا اور ہم نے سوچ سمجھ کر فیصلے کئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر کورونا کیسز میں اضافہ ہوا پھر بھی صنعتوں اور کاروبار کو بالکل بند نہیں کریں گے بلکہ ایس او پیز کے تحت انہیں چلائیں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر وزیراعظم نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صوبے مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے ٹی ٹی کیو اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔