واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست اوہائیو سے کامیابی حاصل کر لی جبکہ ٹیکساس سے بھی ان کی کامیابی یقینی نظر آ رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 1960 کے بعد سے کوئی امیدوار اوہائیو میں کامیابی حاصل کیے بغیر صدارتی انتخاب نہیں جیتا جبکہ ٹیکساس سے 38 اہم ترین الیکٹورل ووٹ ہیں۔
امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنی کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔
اوہائیو سے آنے والے نتائج نے ڈیموکریٹک کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
اس سے قبل اوہائیو کے گورنر مائیک ڈیوائن نے پیشگوئی کی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوہائیو سے بہت تھوڑے مارجن کے ساتھ کامیاب ہو جائیں گے۔
1984 سے اب تک تمام امریکی انتخابات کی درست پیشگوئی کرنے والے معروف تاریخ دان اور پروفیسر ”ایلن لیکمین“ بھی گزشتہ روز میدان میں آ گئے اور انہوں نے اس بار امریکی صدر کا قرعہ ”جوبائیڈن“ کے نام نکالتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
اس سے قبل 2016 کے الیکشن میں ایلن لیکمین نے ٹرمپ کی کامیابی کی پیشگوئی کی تھی جو درست ثابت ہوئی تھی۔