پاکستان اور زمبابوے کے مابین کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے گرین شرٹس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
دونوں ٹیموں کے مابین راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سپر اوور کے دوران پاکستان کو شکست دی۔
میچ ٹائی ہونے کے بعد نتیجے کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا گیا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں مقابلہ ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن افتخار پہلی اور خوشدل شاہ چوتھی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پاکستان نے صرف 3 رنز کا ہدف دیا جو زمبابوے نے آسانی سے پورا کرلیا۔
زمبابوے کی جانب سے دیے گئے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 278 رنز ہی بنا سکی تھی۔
میچ کے آغاز میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ وہاب ریاض شاندار نصف سنچری کے ساتھ 52 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
بابر اعظم 266 کے مجموعے پر آؤٹ ہونے والی سب سے اہم کھلاڑی تھے۔ انہیں مزارابانی کی گیند پر ٹیلر نے کیچ کیا۔
ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زمبابوے کے بالرز کے سامنے نا ٹک سکا۔
زمبابوے کی جانب سے سین ولیم نے 118 کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، دوسرے نمبر اسکندر رضا رہے، جنہیں وہاب ریاض نے 45 رنز پر آوٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے دس اوورز کے عوض صرف 26 رنز دیے۔
جب کہ وہاب ریاض ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے محمد موسی 10 اوورز کے عوض 80 رنز دے کر مہنگے ترین بالر رہے۔
زمبابوے کی جانب سے بی مزارابانی نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انہوں نے 10 اوورز کے بدلے 49 رنز دیے۔
رچرڈ نگاراوا اور ڈونلڈ تریپینو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔