اچھی بیوی سے متعلق اظہارخیال قاسم علی شاہ کو مہنگا پڑ گیا۔
سوشل میڈیا پر چند روز سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں پاکستان کے معروف موٹیویشنل اسپیکر اور نامور لکھاری قاسم علی شاہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں قاسم علی شاہ ایک خاتون کے سوال کے جواب میں کہتے ہیں کہ اچھی بیوی کیسے بننا ہے یہ کہیں نہیں پڑھایا جاتا۔
قاسم علی شاہ ویڈیو میں مزید کہتے ہیں کہ عورت کی زندگی میں دو کرداروں کی بہت اہمیت ہے جن میں سے ایک کردار ہے اچھی بیوی کا اور دوسرا کردار ہے اچھی ماں کا۔
قاسم علی شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں میں کہیں نہیں پڑھایا جاتا، اس حوالے سے بچی اپنی ماں کو دیکھتی ہے اور وہیں سے سیکھتی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا ویڈیو کلپ قاسم علی شاہ کے سوال و جواب کے سیشن کا ایک حصہ ہے جس میں انہوں نے حور فاطمہ نامی خاتون کے سوال کا جواب دیا تھا۔
حور فاطمہ نے اپنے سوال میں پوچھا تھا کہ کیا ملازمت کرنے والی خواتین بچوں کی اچھی مائیں ثابت نہیں ہو پاتیں؟
حور فاطمہ کے مذکورہ سوال پر قاسم علی شاہ کا تقریباً 15 منٹ کے دورانئے پر مشتمل جواب ان کے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا گیا تھا تاہم سوشل میڈیا پر ان کی اس ویڈیو کا 36 سکینڈ کا ویڈیو کلپ گردش کر رہا ہے جس میں قاسم علی شاہ نے ایک اچھی بیوی اور ماں سے متعلق بات کی ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد قاسم علی شاہ پر کئی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے تاہم کچھ صارفین نے قاسم علی شاہ کے مذکورہ بیان کی تائید کرتے ہوئے ان کی سماج کی بہتری کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے۔
What is he talking about. Do they teach how to be a good dad???