بالی ووڈ کے سپر سٹار عامر خان کی نوجوان بیٹی ایرا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں اپنے ہی رشتے داروں نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور جب ان کا استحصال کیا گیا تو اس وقت انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔
یاد رہے عامر خان بچوں کے جنسی استحصال اور دیگر سماجی مسائل پر کافی مستعد دکھائی دیتے ہیں جبکہ وہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران اس حوالے سے مختلف مہموں اور پروگرام کا حصہ بھی رہے ہیں۔
ایرا خان نے سوشل میڈیا پر پہلی بار ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی زندگی کی آسائشوں پر بات کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں تمام آسائشیں اور خوشیاں اپنے والدین کی وجہ سے ہی ملی ہیں۔
ایرا خان نے انتہائی کم عمری میں ذہنی پریشانیوں کے شکار ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کی کم عمری میں ہی ان کے والدین کی طلاق ہو گئی تھی تاہم اس واقعے نے ان کی ذہنی صحت متاثر نہیں کی۔
ایرا خان نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ جب وہ محض 6 سال کی تھیں تو انہیں ٹی بی لاحق ہو گیا اور ان کا پھیپھڑا متاثر ہوا لیکن خوش قسمتی سے وہ ٹی بی جان لیوا نہیں تھا۔
ایرا خان نے ویڈیو میں انکشاف کیا کہ جب وہ 14 سال کی تھیں تو ان کے قریبی رشتہ داروں نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا جسے کم عمری کی وجہ سے وہ سمجھ نہیں پائی تھیں۔
ایرا خان کے مطابق جن رشتہ داروں نے ان کا استحصال کیا، انہیں بخوبی علم تھا کہ وہ ان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں لیکن انہیں ان کی نیت اور عمل کو سمجھنے میں دیر لگی۔
ایرا خان نے ویڈیو میں بتایا کہ جب انہیں دیر سے سمجھ آ گئی تو وہ اپنے رشتے داروں سے دور ہو گئیں اور اس واقعے کو بھول گئیں لیکن خود سے سوال کرتی رہیں کہ انہوں نے رشتے داروں کو ایسا کیوں کرنے دیا؟