اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد گزشتہ 4 ماہ میں ایک دن کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 14 ہزار 646 ہو گئی ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا کے مریضوں کی شرح 5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کےایک ہزار 313 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ اسی دوران 18 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 573 ہو گئی ہے جب کہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 867 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل 24 جولائی 2020 کو ایک دن میں کورونا کے ایک ہزار 487 کیس ریکارڈ ہوئے تھے۔
این سی او سی کے مطابق اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 16 ہزار 060 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 295، پنجاب میں ایک لاکھ پانچ ہزار 197، خیبرپختونخوا میں 39 ہزار 889 ، اسلام آباد میں 20 ہزار 471، بلوچستان 16 ہزار، آزاد کشمیر چار ہزار 415 اورگلگت بلتستان میں چار ہزار 306 ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہو گئی تھی جس کے بعد عوام نے احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل نا کرنا وائرس کے پھیلاو میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا گزشتہ دو ماہ سے اب تک کورونا کیسز اور اموات کی شرح میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ ستمبر کے آغاز سے اب تک مثبت کیسوں کی شرح اور اموات میں دوگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کورونا کے حوالے سے ایسی صورتحال کا شکار نہیں ہوگا کہ حکومت کو انتہائی اقدامات کرنا پڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے حکومت کا زیادہ زور ماسک پہننے پر ہے۔