بیجنگ: چین کی معروف ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے اپنا نیا اسمارٹ فون نووا 8 ایس ای متعارف کرا دیا ہے۔
چینی کمپنی نے اس سے قبل اپریل میں نووا 8 ایس ای متعارف کرایا تھا جس کے بعد اب اس کا اپ ڈیٹڈ ورژن سامنے لایا گیا ہے جو فائیو جی سپورٹ کے ساتھ دستیاب ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے نئے فون کی موٹائی 7.46 ملی میٹر ہے، کمپنی کے مطابق فون کا وزن 178 گرام ہے۔
نووا 8 ایس ای میں 6.53 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہے۔
کمپنی کے مطابق ہواوے کے نئے ماڈل کا ڈیزائن آئی فون 12 سے کافی ملتا جلتا ہے۔ فون میں فنگر پرنٹ سنسر ڈسپلے میں موجود ہے جب کہ اسکرین میں ایچ ڈی آر 10 سپورٹ دی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق متعارف کرائے گئے فون کے دو ورژن ہیں جن میں ایک میں ڈیمینسٹی 720 جبکہ دوسرے میں ڈیمینسٹی 800 پراسیسر دیا گیا ہے۔
ہواوے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فون کے دونوں ورژن میں 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
فون کا یہ ماڈل 3800 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس ہے جس کے ساتھ 66 واٹ چارجنگ فاسٹ چارنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
کمپنی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ فون صرف 35 منٹ میں 100 فیصد چارج ہو سکتا ہے۔
فون میں دیے گئے دیگر فیچرز میں ہیڈفون جیک، بلیوٹوتھ 5.1، ڈوئل سم سپورٹ اور ڈوئل بینڈ فائی فائی قابل ذکر ہیں۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل ہے، جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ انفارمیشن کیمرے دیئے گئے ہیں۔
یاد رہے فون کو ابتدائی طور پر چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔