واشنگٹن: ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کی امریکی انتخابات میں فتح کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پیر سے انتخابی نتائج کے خلاف مقدمے کا آغاز کر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن غلط طور پر خود کو فاتح قرار دے رہے ہیں، ابھی انتخابی نتائج فائنل ہونے میں بہت دیر ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر انتخابات جیتنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے الیکشن میں فتح حاصل کر لی ہے، آج رات فلاڈلفیا میں اہم پریس کانفرنس کروں گا۔
جو بائیڈن کا فتح کے بعد بیان
امریکہ کے صدارتی انتخاب میں فتح حاصل کرنے والے امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ عوام نے انہیں منتخب کرکے امریکہ کی قیادت کا اعزاز بخشا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا وہ تمام امریکی عوام کے صدر ہیں چاہے انہوں نے ان کے حق میں ووٹ دیا ہو یا ان کے خلاف۔
جوبائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔