مختصر ویڈیو ایپ ٹک ٹک نے مختلف حکومتوں کی جانب سے پابندیوں کے باوجود اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
موبائل ایپلی کیسشنز کی درجہ بندی پر نظر رکھنے والی کمپنی سینسر ٹاور کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ چین کی ایپ ٹک ٹاک مسلسل چھٹی مرتبہ دنیا کی سب سےزیادہ ڈاون لوڈ کی جانے والی نان گیمنگ ایپ بن چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک رواں سال مئی میں دنیا کی سب سے زیا دہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں ٹک ٹاک کو 66 ملین صارفین نے ڈاون لوڈ کیا تھا جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 9.5 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کے مطابق رواں سال اکتوبر میں ہی سب سے زیادہ ڈاون لوڈ کی جانے والی ایپس میں واٹس ایپ دوسرے نمبر پر ہے جسے 57 ملین صارفین نے ڈاون لوڈ کیا۔
اس فہرست میں فیس بک تیسرے، انسٹاگرام چوتھے اور زوم پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
کمپنی کی رپورٹ کے مطابق اسنیک ویڈیو فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہے، ساتویں نمبر پر فیس بک میسنجر، آٹھویں پر گوگل میٹ، نویں نمبر پر سنیپ چیٹ اور دسویں نمبر پر ٹیلی گرام موجود ہیں۔
کمپنی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل پلے سے ڈاون لوڈ کی جانے والی ایپلی کیشنز میں سے بھی ٹک ٹاک پہلے نمبر اور واٹس ایپ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
یاد رہے رواں سال اکتوبر میں حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی و غیر اخلاقی مواد کو روکنے کیلئے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق مختلف لوگوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔