پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا ہے، بابر اعظم اب قومی ٹیم کو تینوں فارمیٹ میں لیڈ کریں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین احسان مانی نے اظہر علی سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے بابر اعظم کو ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کی منظوری دی۔
اس فیصلے کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے نے بابراعظم سے رابطہ کیا اور انہیں اِس تقرری پر مبارکباد دی۔
احسان مانی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بابراعظم میں کپتانی کی صلاحیتیں پہلے ہی جانچ لی گئی تھیں، ان کی کارکردگی کا تسلسل اور قیادت کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اظہر علی ایک تجربہ کار، اسپییشلسٹ بلے باز ہیں، انہوں نے ابھی بہت کرکٹ کھیلی ہے، ان کے تجربے سے پاکستان بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ وہ بہت فخر اور خوشی محسوس کر رہے ہیں، اب وہ ان کھلاڑیوں میں شامل ہو رہے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ جیسی اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں تجربہ کار کھلاڑیوں کا ساتھ بھی میسر ہے، وہ قیادت کا فریضہ بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں گے۔
26 دسمبر سے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا، یہ سیریز بابر اعظم کی قیادت کی صلاحیتوں کا امتحان بھی ہوگی۔
گزشتہ دنوں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنانے کی تجویز دی تھی۔
جس کے بعد سے ہی گزشتہ کئی روز سے اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کی خبریں گرم تھیں۔