پاکستانی معیشت کورونا کا جھٹکا برداشت کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر استحکام کی طرف جا رہی ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ جاری ہے جبکہ مارکیٹ میں بھی آج مثبت رجحان قائم رہا۔
اس کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔
ڈالر کے خلاف روپے کے مستحکم ہونے کا رجحان آج بھی قائم رہا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 20 پیسے کمی کے ساتھ 158 روپے 48 پیسے پر پہنچ گئی۔
رواں ہفتے ڈالر کی قدر میں 61 پیسے جبکہ نومبر کے 8 کاروباری دنوں میں ایک روپیہ 70 پیسے کم ہو چکی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں دیکھا جائے تو وہاں ڈالر کی قدر میں 40 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد امریکی ڈالر 158 روپے 25 پیسے پر پہنچ گیا۔
سونے کی قیمت میں مزید کمی
سونے کی قیمت میں رواں برس عالمی سطح پر بہت زیادہ اضافہ ہوا جس کے اثرات ملکی مارکیٹ پر بھی دیکھے گئے۔
سندھ صرافہ بازر کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ 100 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 12 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
10 گرام سونےکی قیمت 86 روپے کم ہوکر 96 ہزار 22 روپے ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونےکی قدر 3 ڈالر کم ہوکر 1874 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں ملاجلا رجحان
آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا ملاجلا دن رہا اور 100 انڈیکس 44 پوائنٹس اضافے پر بند ہوا۔
بازار میں آج 24 کروڑ حصص کے سودے ہوئے جن کی مالیت 8 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج تین ارب روپے کم ہوئی ہے۔ کاروباری دن کے اختتام پر مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن 7 ہزار 574 ارب روپے ہے۔