شہرہ آفاق بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ رحمان نے اپنے حجاب پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ وہ آغاز میں کافی ڈسٹرب رہی تھیں لیکن اب انہوں نے خود کو نارمل کر لیا ہے۔
ایک انٹرویو میں خدیجہ رحمان نے بتایا کہ کسی کے لباس کے انتخاب کے بارے میں گندے تبصرے ان افراد کی اپنی ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران خدیجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے برقع کو بطور لباس منتخب کرنے پر ہمیشہ فخر محسوس کیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل ٹویٹر پر متنازع رہنے والی مصنفہ تسلیمہ نسرین نے موسیقار اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ کے نقاب پہننے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے پیغام میں تسلیمہ نسرین کا کہنا تھا کہ مجھے اے آر رحمان کی موسیقی پسند ہے مگر جب کبھی ان کی پیاری بیٹی خدیجہ کو برقع میں دیکھتی ہوں تو مجھے گھٹن محسوس ہونے لگتی ہے۔
تسلیمہ کا کہنا تھا کہ مجھے حیرانی ہے کہ پڑھی لکھی لڑکی کو اتنی آسانی سے برین واش کیا جا سکتا ہے۔
ان کے جواب میں خدیجہ رحمان نے انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو میرے نقاب پہننے سے گھٹن محسوس ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں، لیکن اس کا حل یہ ہے کہ آپ باہر نکل کر تازہ ہوا لیں۔
خدیجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے بااختیار ہونے اور اپنی زندگی سے متعلق فیصلہ لینے پر گھٹن نہیں فخر ہے اور میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں۔انہوں نے لکھا کہ میں نے اپنی تصویر آپ کو تبصرہ کرنے کے لیے نہیں بھیجی، میرے اہل خانہ کو معاملے میں نا گھسیٹیں۔