پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیجنڈ گلوکار عالمگیر نے گردے کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کروالیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کے بعد کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر پوسٹ میں بتایا کہ ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ کامیابی سے ہوگیا ہے۔
انہوں نے مداحوں کی دعاؤں اور بھرپور حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عالمگیر میں 2004 میں گردوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کے گردے تقریبا ناکارہ ہوگئے تھے جس کے باعث وہ کئی سال سے ڈائیلاسز کے سہارے چل رہے تھے۔
ڈاکٹرز نے انہیں ایک دہائی قبل ہی گردوں کے ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا تھا مگرگروپ کے گردے نا ملنے کی وجہ سے انہیں ڈائیلاسز پر رہنا پڑ رہا تھا۔
عالمگیر بیماری کے باعث ڈیڑھ دہائی قبل ہی امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں اہل خانہ کے پاس چلے گئے تھے اور ان کے ڈائیلاسز سمیت دیگر علاج وہیں پر ہو رہا تھا۔
واضح رہے کہ عالمگیر نے پاکستانی اداکار ندیم اور شبنم کی سپر ہٹ فلم ’آئینہ‘ کے لیے گیت گائے تھے۔
روبن گھوش کی موسیقی میں ان گیتوں کو دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔
ڈھاکہ کے شانتی نگر میں پیدا ہونے والے 60 سالہ عالمگیر آل انڈیا مسلم کے رہنما فوادالحق کے صاحبزادے ہیں۔
15 سال کی عمر میں پاکستان آ کر انہوں نے بطور سنگر اپنے کیریئر کا آغاز کیا ان کا شمار پاکستانی پاپ موسیقی کے بانیوں میں ہوتا ہے۔