پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی خان کورونا کے باعث انتقال کر گئے ہیں، اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
ان کی نماز جنازہ کل نماز عصر کے بعد سانگھڑ جام گوٹھ میں ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین بھی جام گوٹھ میں ہی کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رکن سندھ اسمبلی کئی ہفتوں سے آئسولیشن میں تھے اور کورونا کا علاج کرا رہے تھے۔
اہلخانہ نے بتایا ہے کہ جام مدد علی کو گزشتہ ہفتے کورونا کی علامات سامنےآنے کے بعد نجی اسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں کورونا کے علاج کے بعد صحت مند قرار دے دیا گیا تھا لیکن ان کے پھیپھڑے بری طرح بیماری کا شکار ہوئے تھے۔
جس کے بعد انہیں دوبارہ نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا علاج چل رہا تھا۔
گورنر اور وزیراعلی سندھ نے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اہلخانہ کے صبر کی دعا کی ہے۔
وزیراعلی سندھ کا پیغام
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے جام مدد علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جام مدد علی کے انتقال سے ہم ایک اچھے دوست سے محروم ہو گئے ہیں، اللہ ان کے درجات کو بلند کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی راشد ربانی اور ان کے بہنوئی بھی کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔