پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے پہلے پلے آف میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
142 رنز کے ہدف کے تعاقب کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان صرف 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے ایلکس ہیلز آئے اور دونوں نے دوسیر وکٹ کے لیے 42رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا، ہیلز 22رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
بابر نے عمدہ فارم کا سللسہ برقرار رکھتے ہوئے افتخار کے ساتھ مل کر اسکور کو 90 تک پہنچا دیا جس کے بعد افتخار کی 22رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اسکور کو 117 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر سہیل تنویر کے عمدہ اسپیل نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
بابر 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ سہیل تنویر نے شیڈوک والٹن کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
عماد وسیم ایک اینڈ سے ڈٹے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے عمران طاہر نے شرفین ردرفورڈ کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلائی جبکہ الیاس نے عامر کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
اننگز کی آخری گیند پر کراچی کنگز نے چوکا لگا کر میچ کو ٹائی کردیا جس کے بعد اب میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
کراچی کنگز نے ابتدائی تین گیندوں پر سپر اوور میں ایک وکٹ گنواتے ہوئے صرف تین رنز بنائے لیکن اگلی دو گیندوں پر شرفین ردرفورڈ نے بالترتیب چوکا اور چھکا لگا کر اسکور 13 تک پہنچا دیا۔
آخری گیند پر ردرفورڈ آؤٹ ہوئے گئے اور ملتان سلطانز کو فتح کے لیے 14رنز کا ہدف دیا۔
محمد عامر نے سپر اوور میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے سلطانز کو رنز بنانے کا موقع نہ دیا اور سلطانز ایک بھی باؤنڈری نہ لگا سکے اور کراچی کنگز نے فتح حاصل کر کے پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان سپر لیگ کا پلے آف مرحلہ کورونا کے باعث 7 ماہ بعد شروع ہوا ، آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کا میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے، روی بوپارہ نے 40 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سہیل تنویر نے ناقابل شکست اور جارحانہ انداز میں 25 رنز بنائے۔
ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ 17 رنز بنا سکے، شاہد آفریدی بھی اپنا جادو نہ دکھا سکے اور صرف 12 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
راچی کنگزکے وقاص مقصود اورارشداقبال نے دودوکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ کا یہ آخری مرحلہ ہے جو مارچ میں کھیلا جانا تھا مگر کورونا وائرس کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پی ایس ایل 5 کا آخری میچ سات ماہ قبل 15 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پلے آف مرحلے میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ببل میں رکھا گیا ہے اور انہیں کھلاڑیوں کے علاوہ کسی سے بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔