عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر پاکستان میں پوری طرح پھیل چکی ہے اور روزانہ نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
اب اطلاع آئی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس وبا کا شکار ہو گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ سید مراد علی شاہ کا کورونا کا ٹیسٹ ثبت آ گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہیں جمعہ کے روز ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، نماز جمعہ کے بعد کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا گیا جومثبت آ گیا۔
کوورنا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سید مراد علی شاہ نے خود کو ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق قرنطینہ کر لیا ہے، طبیعت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف ہلکا بخار ہے باقی صورتحال بہتر ہے۔
یاد رہے ملک میں کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث حکومت کی جانب سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں آج مختلف پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے حال ہی میں کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں سابق وزیراعظم اورپیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف اور متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما فاروق ستار شامل ہیں۔
خیال رہے اس سے قبل پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین وائرس کا شکار ہوئے تھے اور ایک روز قبل ہی انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
اسی طرح پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی جو معروف شخصیات کورونا وائرس کا شکار بنیں، ان میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، شہریار آفریدی، فرخ حبیب، صوبائی وزیرتعلیم تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، شاہد حاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، نہال ہاشمی، ایاز صادق، احسن اقبال، کپٹن (ر) صفدر اور دیگر ارکان کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔
پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سعید غنی، یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری، قمر زمان کائرہ بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
حکومتی جماعت پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکا خیل اور مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔