پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کے کالج کے دنوں کی تصویر سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی۔
بشریٰ انصاری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی جوانی کی ایک نایاب تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ان کے چہرے کی مسکراہٹ اور نوجوانی کی معصومیت دیکھی جا سکتی ہے۔
بلیک اینڈ وائیٹ تصویر ان کے کالج کے دنوں کی ہے، اس میں انہوں نے دو چوٹیاں بھی بنائی ہوئی ہیں جو اس دور میں طالبات کا ایک مقبول انداز تھا۔
سینئر اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں خود کو معصوم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرے کالج کے دن اور میری معصومیت۔‘
اداکارہ کے ماضی کی خوبصورت تصویر کو سوشل میڈیا صارفین بہت پسند کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ہمراہ اپنی وہ نایاب تصویر شیئر کی تھی جو سال 1989میں لی گئی تھی۔
بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’سال 1989 کی یادیں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے ساتھ۔‘ خیال رہے کہ پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری 1978سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور طویل عرصے سے انڈسٹری پر راج کررہی ہیں۔
انہوں نے ہر قسم کے رولز میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، گلوکاری میں بھی ان کا انداز جداگانہ ہے، مزاح کے حوالے سے وہ ایک منفرد مقام پر کھڑی دکھائی دیتی ہیں۔