اگر آپ گوگل کے ساتھ کام کر کے پیسہ کمانا چاہتے ہیں تو اس کا وقت آن پہنچا ہے، کمپنی نے ٹاسک میٹ کے نام سے ایک نئی ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے ہر شخص پیسے کما سکتا ہے۔
اس میں چھوٹے چھوٹے کاموں کے ذریعے کمائی ہوتی ہے، ان میں سٹورز کی تصاویر کھینچنا اور مختصر ویڈیو کلپس بنانا شامل ہے۔
اس وقت یہ ایپ صرف بھارت میں دستیاب ہے اور اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے کسی کی جانب سے دعوت کا کوڈ ملنا ضروری ہے جس کے بعد سائن اپ کیا جا سکے گا۔
اس سے پہلے بھی گوگل اوپینین ریورڈرز نام کی ایپ پیش کی گئی تھی جس میں گوگل کی مصنوعات یا ایسے مقامات کے بارے میں سوالات پوچھے جاتے، جہاں وہ جاچکے ہوں، جس کے عوض پلے اسٹور کریڈٹ فراہم کیا جاتا۔
مگر اس نئی ایپ میں کریڈٹ کی بجائے اصل رقم ادا کی جائے گی۔
ٹاسک میٹ میں ٹاسکس کو 2 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک بیٹھ کر کرنے والے کام جیسے جملے ریکارڈ کرنا اور چلتے پھرتے کیے جانے والے کام جیسے تصاویر لینا۔
اس کے عوض صارفین کو مقامی کرنسی میں ادائیگی کی جائے گی۔
یہ تو واضح نہیں کہ گوگل ان ٹاسکس کو کن مقاصد کے لیے استعمال کرے گا، مگر گوگل کی جانب سے اس ڈیٹا کو سرچ، لہجے کے آہنگ اور امیج شناخت کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایک بار ٹاسک مکمل کرنے پر صارف کو اسے ایک تھرڈ پارٹی پیمنٹ پارٹنر کے اکاؤنٹ سے لنک کرنا ہوگا تاکہ بینک اکاؤنٹ یا موبائل والٹ پر رقم مل سکے۔
گوگل نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔