جنوبی کوریا میں بجلی سے چلنے والی اہم اڑن ٹیکسی ای ہینگ 216 کی کامیاب آزمائش کی ہے۔
کورین میڈیا کے مطابق مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے تیار کی گئی اڑن ٹیکسی کو تین بار آزمائشی اڑان سے گزارا گیا۔
ای ہینگ کی آزمائش سے قبل ٹیکسی کے لیے باقاعدہ حفاظتی سرٹیفیکیٹ لیا گیا تھا۔ ٹیکسی میں دو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
وزارت سیاحت کے مطابق مذکورہ اڑن ٹیکسی کو فضائی سیاحت کو فروغ دینے اور ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
کورین میڈیا کے مطابق تینوں آزمائشی پروازوں کے لیے مقامات حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے تھے۔
ٹیکسی نے پہلی پرواز سیئول کے مین ہٹن سے شروع کی اور اہم تجارتی اور کاروباری علاقے میں لینڈ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میں ہنگامی حالت میں اس کی کارکردگی نوٹ کی گئی جس کے لیے ڈیگو شہر کا انتخاب کیا گیا تھا۔ اس فلائٹ میں طب اور آگ بجھانے کے آلات پہنچائے گئے اور یہ تجربہ بھی کامیاب رہا۔

تیسری پرواز میں ای ہینگ 216 نے ساحلی علاقوں اور شہر کےدیگر مقامات تک اڑان بھری گئی جسے تفریحی فلائٹ کہا جاسکتا ہے۔
اڑن ٹیکسی کے کامیاب تجربے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ جنوبی کوریا میں آئندہ تین سے پانچ برسوں میں اڑن ٹیکسی کی سروس شروع کر دی جائے گی۔
انوکھی اڑن ٹیکسی کے پنکھوں کی تعداد 16 ہےجنہیں آٹھ جوڑوں کی شکل میں ترتیب دیا گیا ہے۔
ان پنکھوں نے ٹیکسی کے کیبن کو چاروں طرف سے گھیرا ہوا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور ایک مرتبہ چارج ہونے پر 100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔
ایوی ایشن انتظامیہ نے کہا ہے کہ مستقبل میں وہ ای ہینگ کے لیے ہوائی روٹ متعین کرے گی۔