مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی والدہ شمیم اختر میں جنازے میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال کے باعث دی گئی تھی۔
اس سے قبل والدہ کے جنازے میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے معاملے پر کابینہ نے سفارشات کی منظوری دی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پانچ روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی۔
س حوالے سے صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پیرول پر رہائی شہباز شریف اور حمزہ کا قانونی حق ہے تاہم دونوں کو بیگم شمیم اختر کی میت پاکستان پہنچنے سے ایک روز قبل رہا کیا جائے گا۔
دوسری جانب مریم نواز کو اپنی دادی کے انتقال کی خبر پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے دوران ملی جس کے بعد مریم نواز جلسہ ادھورا چھوڑ کر لاہور روانہ ہو گئی تھیں۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں دادی کے انتقال کی خبر تاخیر سے ملنے پر انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل سروس نا ہونے کی وجہ سے دو گھنٹے تاخیر سے دادی کی وفات کی اطلاع ملی۔ انہوں نے لکھا کہ کسی حکومتی فرد میں اتنی جرات نہیں تھی کہ وہ دادی کے انتقال کی خبر مجھے دیتا۔
ایک اور ٹویٹر پیغام میں انہوں نے میاں نواز شریف کو دادی کے جنارے میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے بھی منع کیا۔
یاد رہے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 22 نومبر کو 90 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔