ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر ڈی ایگو میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنانے والے کارکن نے مداحوں سے معافی مانگ لی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کارکن کلاڈیو فرنانڈیز نے اپنے بیٹے کے ساتھ انگوٹھے کا اشارہ کرتے ہوئے تصاویر بنائی تھیں جس پر مداحوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
کلاڈیو فرنانڈیز کے علاوہ دو مزید افراد نے بھی تابوت کے ساتھ تصاویر بنوائی تھیں۔
فرنانڈیز نے جمعہ کو ریڈیو 10 سے بات کرتے ہوئے مداحوں کے جذبات کی توہین کرنے پر معافی مانگی اور کہا کہ تصاویر لینے کا فیصلہ فوری تھا اور انھوں نے پہلے سے اس کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔
انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ تصویر بناتے ہوئے ہر بچے کی طرح میرے بیٹے نے بھی ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کیا اور انھوں نے فوٹو کھینچ لی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ ہم نے بہت سارے لوگوں کو ناراض کیا گیا ہے اور انھوں نے اس کا غلط مطلب لیا ہے۔
انہوں نے ویڈیو 10 کو بتایا کہ واقعے کے بعد انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملی ہیں۔
میراڈونا کے وکیل میٹیس مورلا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان تصاویر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے۔
سیپلیوس پنیر جنازے کے پارلر نے بتایا کہ یہ تینوں افراد ان کی کپمنی کے ملازمین نہیں تھے اور انھوں نے تابوت لے جانے میں مدد کی تھی۔
پارلر کے منیجر میٹیاس پیکن نے ٹی این نیوز چینل کو بتایا کہ ان تصاویر نے کمپنی کو سخت صدمہ پہنچایا ہے۔
یاد رہے ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کے سابق اٹیکنگ مڈفیلڈر اور مینیجر بدھ کے روز دل کا دورہ پڑنے کے بعد چل بسے تھے۔
اس سے قبل طبی ماہرین نے ان میں دماغ میں موجود کلاٹنگ کی کامیاب سرجری بھی کی تھی۔
میراڈونا کو اس سے قبل 2004 میں بھی دل کا دورہ پڑا تھا اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کروایا گیا تھا۔