نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سامنے پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے 5 بڑے شہروں کا کورونا وبا کے پھیلاؤ میں 70 فیصد حصہ ہے۔
اتوار کو ہونے والے اجلاس میں کورونا کیسز کی مثبت شرح، اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستر اور وینٹی لیٹرز اور اسمارٹ لاک ڈاؤن شروع کرنے سمیت دیگر کئی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ رواں ہفتے کورونا کے ہاتھوں اوسطاً 46 اموات روزانہ کے حساب سے واقع ہوئی ہیں جبکہ اسپتال میں داخلے کی اوسط 237 رہی ہے۔
اجلاس میں جن پانچ شہروں کو وباء کے پھیلاؤ کا سب سے زیادہ ذمہ دار قرار دیا گیا ان میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی شامل ہیں۔
این سی او اسی کے اجلاس میں ملک بھر میں کورونا سے متعلق صحت کی سہولیات اور سامان کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ تمام ضروری طبی سامان ضرورت کے مطابق دستیاب ہے اور صوبوں کو مناسب فراہمی کی جارہی۔
24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.01 فیصد رہی جبکہ سب سے زیادہ مثبت شرح میرپور میں 24.85 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اس کے بعد حیدرآباد میں 22.18 فیصد اور کراچی میں 18.96 فیصد کورونا وائرس کے کیسز کی مثبت شرح رہی۔
این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں اس وقت 2 ہزار 186 کووڈ مریضوں کی حال تشوینشاک ہے جبکہ اس طرح کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ بھی ہورہا ہے۔
مجموعی طور پر مثبت کیسز کی شرح
آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 16.58 فیصد، سندھ میں 15.31 فیصد، بلوچستان میں 9.12 فیصد اور گلگت بلتستان میں 5.56 فیصد ہے۔
اسی طرح اسلام آباد میں یہ شرح 5.30 فیصد، خیبرپختونخوا میں 5.31 فیصد جبکہ پنجاب میں 3.45 فیصد ہے۔