وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کینیڈین حکومت کی جانب سے ایک فوجی افسر کو کورونا ویکسین لگانے کے مشن کا سربراہ منتخب کرنے کو سراہا۔
اسدعمر نے اپوزیشن کے بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے ایک سینیئر جنرل کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم کی ذمہ داری سونپی ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں ویکسین لگانے کی مہم کی ذمہ داری سینئر جنرل کو دے دی گئی. ذرا کینیڈا کے اخبار تو دیکھیں کہیں کینیڈا کی اپوزیشن نے یہ تو نہیں کہہ دیا کہ جسٹن ٹروڈو تم تو سیلیکٹڈ نکلے۔
انہوں نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کہیں کینیڈین اپوزیشن نے یہ تو نہیں کہہ دیا کہ وزیراعظم تم تو کٹھ پتلی نکلے اور ہمارا مقابلہ تم سے نہیں تمہیں لانے والوں سے ہے۔
یاد رہے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ انہیں منتخب نہیں کیا گیا بلکہ اقتدار میں لایا گیا ہے۔
اپوزیشن کے اراکین وزیراعظم کے منصب سنبھالتے ہی انہیں سلیکٹڈ کہہ کر پکارتے رہے۔
حکومت کے خلاف اپوزیشن کا اتحاد پی ڈی ایم بھی اپنے بیانات میں اسٹیبلشمنٹ کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہراتا رہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم کو سلیکٹ کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سپریم رہنما نواز شریف پی ڈی ایم کے جلسوں کے دوران براہ راست فوجی اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔