نیٹ فلیکس کی مقبول ترین سیریز دی کراؤن جو برطانوی شاہی خاندان و بادشاہت کے دور پر بنائی گئی اور مجموعی طور پر حقیقت میں مبنی ایک سیریز ہے ، اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پریشان برطانوی وزیر ثقافت نے نیٹ فلیکس کو خط لکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
اس خط میں اس بات کا دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں کہ نیٹ فلیکس اپنی سیریز دی کراؤن کے ساتھ دیکھنے والوں کو یہ بھی باور کرائے کہ اس سیریز میں افسانہ نگاری زیادہ کی گئی ہے جبکہ حقیقت اس سے مختلف ہے۔ اس کے اہم تاریخی واقعات حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ یہ محض ایک شاندار ڈرامہ سیریز ہے۔
برطانوی حکومت کے لیے خصوصاً یہ ایک نازک صورت حال ہے، کیونکہ دی کراؤن کا چوتھا سیزن ایسے لوگوں کے حوالے سے کہانی بیان کررہا ہے جو اس وقت زندہ ہیں اور یا ماضی قریب میں موجود تھے جیسے لیڈی ڈیانا اور پرنس چارلس کے تعلقات کی کہانی کو چوتھے سیزن میں پیش کیا جارہا ہے۔ اس میں آئے روز نئی کاسٹ اور نئے کردار بھی شاہی خاندان اور برطانوی حکومت کو پریشان کررہے ہیں۔
برطانوی حکومت کے ہمراہ آنجہانی لیڈی ڈیانا کے بھائی چارلس سپینسر بھی اس سیریز سے متعلق تشویش رکھتے ہیں۔ ان کا بھی یہی خیال ہے کہ ڈرامہ سیریز میں افسانہ کو حقیقیت کا رنگ دے کر تاریخی حقائق کو مسخ کیا جاسکتا ہے۔
اس وقت اس متعلق کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا ہے کہ نیٹ فلیکس برطانوی حکومت کے خط کا جواب کیا دے گا کہ آیا وہ سیریز کے کچھ حصے حذف کرنے پر آمادہ ہوں گے یا نہیں۔