پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی طرف سے ایک انٹرویو کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے شادی کے اظہار کئے جانے کے بعد بلاول نے اس کا جواب دے دیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک انٹرویو کے دوران وضاحت کی ہے کہ وہ کس طرح کی خاتون سے شادی کریں گے اور اس کا تعلق کہاں سے ہو گا۔
جیو ٹی وی کے پروگرام ایک دن جیو کے ساتھ کے میزبان سہیل وڑائچ سے اپنی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ایسے غیر شادی شدہ لڑکے ہیں جن کی شادی پر سب سے زیادہ باتیں ہوتی ہیں۔
بلاول نے کہا کہ انہیں یہ سن کر اچھا لگا کہ ان کی شادی پاکستان میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنی والدہ کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تب سے وہ اور اس کی بہنیں اپنی شادی اور گھر میں خوشی کے متعلق بہت کم سوچتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی جیسے معاملات میں والدہ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے لیکن اب والدہ کے بعد وہ اور اس کی بہنیں آہستہ آہستہ معمول کی زندگی میں لوٹ رہے ہیں۔
میزبان کے اس سوال کے جواب میں کہ وہ کس طرح کی لڑکی پسند کرتے ہیں، بلاول کا کہنا تھا کہ جب شادی ہو جائے گی تو سب کو معلوم ہو جائے گا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہونے کے ناطے اپنی الگ ثقافت اور پہچان رکھتے ہیں اور ہماری ایک الگ تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی دلہن بننے والی لڑکی اور ان کے خاندان کی بہو بننے والی لڑکی کو بہت ساری قربانیاں دینی پڑیں گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ اگرچہ مغربی لڑکی کی خوبیاں زیادہ ہیں، تاہم وہ ذاتی طور پر پاکستانی لڑکی اور یہاں کی پیدائشی خاتون سے متعلق سوچتے ہیں۔