وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی۔
پی ڈی ایم جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں پوری ذمہ داری سے کہہ سکتا ہوں کہ ان جلسوں سے عمران خان گھر جانے والے نہیں ہیں۔
شیخ رشید راولپنڈی میں ریل کار کی افتتاحی تقریب کے دوران صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینے کا اعلان کیا ہے تو یہ لاٹھی نہیں ہے، یہ قانون کی عملداری ہے، کورونا سے بچانے کا اہتمام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول کو پشاور سے کورونا ہوا، پشاور اور گوجرانوالہ کے جلسوں کے بعد کورونا میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ وہ نیب اور این آر او کے سوا تمام چیزوں پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن صاحب کافی آگے جا رہے ہیں، میں ان سے یہی گزارش کروں گا کہ بند گلی میں مت داخل ہوں، پاکستان میں جب سیاست بند گلی میں داخل ہو جاتی ہے تو پھر حادثات جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب حادثات جنم لیتے ہیں تو کوئی نہیں کہہ سکتا کہ نتیجہ کیسے کیا نکلے گا، اگر سیاسی ڈرائیور غلط ڈرائیونگ کرے گا تو سیاسی حادثات کے امکانات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال پر کل آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا ہے جس میں وزیر اعظم، آرمی چیف اور سارے سربراہان موجود تھے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہماری آنکھیں کھلی ہیں اور خطے کی صورتحال پر ہماری فوج کی پوری نظر ہے، وزیر اعظم نے کل ایک اجلاس کی سربراہی کی ہے، اگر ہندوستان یہ سوچتا ہے کہ پاکستان کو دبایا جا سکتا ہے تو اس کی بھول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ریل کاروں میں فاصلے سے سفر کررہے ہیں اس لیے ہم نئی ریل کار کا ساڑھے چار بجے افتتاح کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ٹی ایل اے کے ملازمین کو بھی درجہ با درجہ کنفرم کرنے جا رہے ہیں اور پاکستان ریلوے پہلی آرگنائزیشن ہو گی جو ایک سے چار گریڈ کے ملازمین کو پنشن دینے جا رہی ہے اور ان کے چار سال سے رکے ہوئے بقایا جات بھی دور کریں گے۔