سعودی عرب کے سینٹرل بینک (ساما) اور متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے مشترکہ طور پر ‘عابر’ کے نام سے ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرا دی ہے۔
دونوں ممالک نے مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی کی جائزہ رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
دونوں ممالک کے مرکزی سینڑل بینکوں کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کرنسی سے متعلق جائزہ رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے جو مثبت آئی ہے۔
مذکورہ ممالک کے سینٹرل بینکوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی سے ان کی ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔
اس حوالے سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ تجارتی قانون ادائیگی کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی کے اجرا کے امکانات کا جائزہ لینے کی خاطر سروے کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
بینک کے حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ کرنسی کے اجرا کے حوالے سے کئے جانے والے سروے کے نتائج توقعات کے مطابق آئے ہیں۔
اس مقصد کیلئے دونوں ممالک کے سینٹرل بینکوں کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ مالیاتی لین دین میں ‘عابر’ نامی مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی استعمال کی جائے گی۔
دونوں سینٹرل بینکوں کا کہنا ہے کہ مشترکہ کرنسی دونوں ممالک کی معیشت میں بہتری لانے کا ذریعہ ثابت ہو گی۔
ساما اور اماراتی سینٹرل بینک نے دیگر ممالک کے تجربات کا مطالعہ کیا، اس کی بابت معلومات حاصل کیں، استفادہ کا طریقہ کار دریافت کیا اور دونوں نے طے کیا ہے کہ مشترکہ منصوبے سے فائدہ اٹھایا جائے۔
اس موقع پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مشترکہ ڈیجیٹل کرنسی کی بدولت ترسیل زر کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، تکنیکی خطرات میں کمی کے ساتھ ساتھ ان سے نمٹنے میں بھی آسانی ہو گی۔