کھیلوں کی دنیا کے متنازعہ معاملات دیکھنے والی عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کیس کا فیصلہ طویل سماعت کے بعد محفوظ کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ویڈیو لنک پر ہونے والی سماعت میں پی سی بی اورعمر اکمل کے وکیل نے اپنے دلائل پیش کیے۔
عدالت نے سات گھنٹے کی سماعت کے دوران دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
پی سی بی کے آزاد ایڈجوڈیکیٹر نے فکسنگ کیس میں اینٹی کرپشن ٹریبیونل کی عمر اکمل کو 3 سال کی سزا کو آدھا کر کے ڈیڑھ سال کر دیا تھا۔
کرکٹ بورڈ کے لاء ڈپارٹمنٹ نے سزا کو کم کرنے کے فیصلے کیخلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا۔
اس سے قبل عمر اکمل نے پی سی بی کی اپیل کے خلاف ایک اور درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی سزا کو مزید کم کیا جائے۔
یاد رہے پاکستان ٹیم کے بلے باز عمر اکمل پر ویجیلنس اینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بروقت مشکوک رابطوں کے بارے میں آگاہ نا کرنے کا الزام تھا۔
کرکٹ بورڈ کے قوانین کے مطابق مشکوک افراد کی جانب سے کرکٹرز سے رابطے کی صورت میں بروقت اطلاع نہ کرنے کے بارے میں کرپشن سے متعلق چھ ماہ سے لے کر تاحیات پابندی کی سزا موجود ہے۔