کورونا ویکسین کی منظوری ملنے کے بعد امریکہ کے سابق صدور باراک اوبامہ، جارج بش اور بل کلنٹن نے کیمروں کے سامنے ویکسین لگوانے کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام کو یقین دلایا جا سکے کہ اس سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
تینوں صدور نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ امریکی عوام کے لیے ایک طاقتور پیغام ہو گا اور انہیں ویکسین کے موثر اور محفوظ ہونے کا یقین دلایا جا سکے گا۔
جارج ڈبلیو بش کے چیف آف سٹاف فریڈی فورڈ نے سی این این کو بتایا کہ سابق صدر خود ڈاکٹر فاؤچی اور وائٹ ہاؤس کی کورونا ریسپانس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ڈیبورا برکس کے پاس گئے اور ان سے دریافت کیا کہ وہ کس طرح ویکسین کو پروموٹ کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ کورونا ویکسین محفوظ اور موثر ہے، اس کے بعد ان افراد کو لگائی جائے گی جنہیں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے بعد صدر بش کیمرے کے سامنے قطار میں کھڑے ہو کر ویکسین لگوائیں گے۔
اسی طرح بل کلنٹن کے پریس سیکرٹری نے بتایا کہ سابق صدر عوام کے سامنے ویکسین لگوانے کے لیے تیار ہیں تاکہ لوگوں کو اس کے محفوظ و موثر ہونے کا یقین دلایا جا سکے۔
باراک اوبامہ نے ایک شو میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا اگر ڈاکٹر فاؤچی کسی ویکسین کے محفوظ ہونے کا کہیں گے تو ان کی بات پر یقین کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاؤچی جیسے لوگوں کے ساتھ میں نے کام کیا ہے اور ان پر مکمل اعتماد کرتا ہوں، اگر وہ کہہ دیں گے تو میں یقینی طور پر ویکسین لگوا لوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو اس کے محفوظ ہونے کا یقین دلانے کے لیے میں اسے ٹی وی پر لگوانے کے لیے تیار ہوں۔