دنیا بھر میں بیٹری پر چلنے والی گاڑیوں کا رواج بڑھتا جا رہا ہے اور ہر بڑی کمپنی اس میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔
ہنڈائی موٹر گروپ نے 23 قسم کی نئی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائی ہیں جو صرف 18 منٹ میں 80 فیصد بیٹری چارج کر لیتی ہیں۔
امریکی چینل بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی کا ارادہ ہے کہ وہ 2025 تک 10 لاکھ سے زائد ایسی الیکٹرک گاڑیاں مارکیٹ میں فروخت کرے۔
ہنڈائی کمپنی کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کی بیٹری اگر صرف 5 منٹ کے لیے بھی چارج کر لی جائے تو 100 کلومیٹر تک کی مسافت طے کی جا سکے گی جبکہ چارجنگ مکمل کرنے کی صورت میں یہ گاڑیاں 500 کلومیٹر تک سفر کر سکیں گی۔
یہ گاڑیاں پہلے مرحلے میں جنوبی کوریا میں تیار کی جائیں گی بعد ازاں طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف ممالک میں تیار ہوں گی۔ گاڑی کو 800 وولٹ اور 400 وولٹ سے چارج کرنا ممکن ہوگا جس کے بعد یہ مکمل ماحول دوست ہوں گی۔
ہنڈائی گروپ نے گذشتہ سال 2025 تک الیکٹرک گاڑیوں پر 18ارب ڈالر خرچ کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔