نامور وکلا بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کے نام ہائی کورٹ کے ججز کیلئے منظور کر لئے گئے۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن پاکستان (جے سی پی) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے عہد کیلئے 2 نامور وکلا بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کے ناموں کی منظوری دے دی۔
جے سی پی کے اجلاس میں چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سینئر ترین جج، وزیرقانون، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل اور اسلام آباد بار کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔
مذکورہ اجلاس آئین کی دفعہ 175- اے کے تحت سپریم کورٹ کی بلڈنگ میں ہوا۔
یاد رہے گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ان دو عہدوں کیلئے بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کے نام تجویز کئے تھے۔
اس کے بعد جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے قبل 2 ذیلی کمیٹیوں نے امیداواروں کی اسناد اور پیشہ ورانہ قابلیت کا جائزہ لیا۔
ایک کمیٹی سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تھی۔
دوسری کمیٹی جسٹس عمر عطا بندیال، اسلام آباد ہائی کے جسٹس عامر فاروق، اٹارنی جنرل خالد جاوید اور اسلام آباد بار کونسل کے قاضی رفیع الدین بابر پر مشتمل تھی۔
واضح رہے بابر ستار نے ہارورڈ اسکول آف لا سے ماسٹر لا (ایل ایل ایم) کی ڈگری حاصل کی ہے، اس کے علاوہ وہ ایک لکھاری، کالم نگار اور تجزیہ نگار بھی ہیں۔
جبکہ طارق محمود جہانگیری اسلام آباد کے سابق ایڈووکیٹ جنرل ہیں اور مجرمانہ، آئینی اور شہری قوانین میں ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
طارق محمود جہانگیری 2016 میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ اس سے قبل وہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
اجلاس کے بعد جوڈیشل کمیشن پاکستان نے مذکورہ نامزدگیاں ججز کی تعیناتی کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کر دی ہیں۔