جنگ عظیم دوم میں شرکت کرنے والے معمر فوجی نے کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد 104 ویں سالگرہ منائی ہے۔
جنگ عظیم دوم کے دوران فرانس میں بموں سے متاثرہ ٹرینوں کی مرمت کرنے والے ایلاباما کے رہائشی میجر ووٹن کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے۔ میجر ووٹن اس جمعرات کو اپنی 104ویں سالگرہ سے دو روز قبل کورونا سے صحتیاب ہو کر اسپتال سے خارج کئے گئے۔
میجر ووٹن کی پوتی ہالی ووٹن مکڈانلڈ نے بتایا کہ میجر ووٹن میں کورونا کو شکست دینے کے بعد جسمانی طاقت مکمل طور پر ختم ہو چکی تھی اور وہ ذہنی طور پر بھی کمزور محسوس کر رہے تھے۔
مکڈانلڈ نے بتایا کورونا وائرس کی تشخیص سب سے پہلے ان کی والدہ میں ہوئی، اس کے بعد 23 نومبر کو ان کے دادا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
میجر ووٹن کو حال ہی میں منظور کردہ اینٹی باڈی تھیراپی دی گئی مگر اگلے دن وہ جسمانی طور پہ کمزوری کا شکار ہو گئے اور انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔
مکڈانلڈ کے مطابق انہیں یہ معلوم نہیں کہ آیا دوائی نے اتنے کم وقت میں اثر کیا مگر تھیراپی کے اگلے 24 گھنٹوں کے اندر ہی میجر ووٹن کی حالت بہتر ہو چکی تھی۔