جیمز بانڈ سیریزکی فلمیں اب یوٹیوب پر مفت دیکھی جا سکتی ہیں۔
نامور فلم اسٹوڈیو ایم جی ایم نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر سوائے چند فلموں کے تمام بانڈ سیریز اپلوڈ کر دی ہے۔
یہ سیریز فلم بینوں کے لیے یوٹیوب پر مفت فراہم ہو گی البتہ بانڈ سیریز کی اس پلے لسٹ میں ڈینیئل کریگ کی 4 فلمیں شامل نہیں ہیں۔
007 سیریز کی اب تک کل 26 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔ اس معروف فرینچایز میں کئی بڑے اداکاروں نے افسانوی برطانوی خفیہ ایجنٹ جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا ہے، اداکاروں میں شان کانری، راجر مور، جارج لیزینبی، پیرس برازنان اور ڈینیئل کریگ شامل ہیں۔
بانڈ فرینچایز کی پہلی فلم ‘ڈاکٹر نو’ 1962 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں لیجنڈری اداکار شان کانری نے بانڈ کا کردار نبھایا تھا۔ سیریز کی حالیہ فلم ‘اسپیکٹر’ 2015 میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔
اس سیریز کی نئی فلم ‘نو ٹائم ٹو ڈائی’ نے اس سال اپریل میں ریلیز ہونا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث ریلیز ڈیٹ کو دو مرتبہ آگے بڑھا دیا گیا۔ آفیشیل خبر کے مطابق یہ فلم اپریل 2021 میں سینیما گھروں میں دیکھی جا سکے گی۔
‘نو ٹائم ٹو ڈائی’ بانڈ سیریز میں ڈینیئل کریگ کی پانچویں اور آخری فلم ہوگی۔
یاد رہے کہ جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے پہلے اداکار شان کانری رواں سال اکتوبر میں انتقال کر گئے تھے۔