سام سنگ کی ایس سیریز کے آئندہ ماہ آنے والے فونز کے متعلق لیکس سامنے آگئیں
سام سنگ کی گلیکسی ایس سیریز کے فلیگ شپ فونز جنوری میں متعارف کرائے جائیں گے۔
اگلے ماہ دستیاب ہونے والے سام سنگ گلیکسی ایس 21 میں لیکس کے مطابق منفرد ڈیزائین اور بہتر کیمرا فیچرز شامل ہیں
سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس سیریز میں حالیہ اضافہ گلیکسی ایس 20 کا کیا گیا تھا۔ آنے والے مہینے میں گلیکسی ایس 21 فونز دستیاب ہوں گے۔ یہ اس سیریز کے فلیگ شپ فونز ہوں گے۔
ان فونز کے متعلق جہاں لیکس مسلسل سامنے آرہی ہیں وہاں ان کے مختلف حصوں کے بارے میں قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔ افواہوں کے مطابق یہ بھی ممکن ہے کہ ایس 21 الٹرا مکمل طور پہ گلیکسی نوٹ سیریز کی جگہ لے لے۔
اب تک جو لیکس سامنے آئی ہیں ان میں کیمرا ڈیزائین کا پچھلے ماڈلز سے مختلف ہونا، کیمرا فنکشنز کا پہلے سے بہتر ہونا اور گلیکسی ایس 21 کے 3 ماڈلز کا متعارف ہونا شامل ہیں۔ قیمتوں اور باقی فنکشنز کے متعلق بھی پیشین گوئیاں کی جارہی ہیں۔
لیکس میں سامنے آیا ہے کہ سام سنگ ‘ایس 21’ کے تین مختلف ماڈلز ایس 21، ایس 21 پلس اور ایس 21 الٹرا نکالنے جا رہا ہے۔ البتہ یہ بات کوئی نئی نہیں ہے کیوںکہ سام سنگ ماضی میں بھی فونز کے مختلف ماڈلز نکالتا آیا ہے۔

یہ ممکن ہے کہ تینوں ماڈلز میں 120 ہرٹز ڈسپلے ہوگا اور ان میں ممکنہ طور پر اب تک کا سب سے جدید اسنیپ ڈریگن 888 پراسیسر استعمال کیا جائے گا۔ مزید قیاس آرائیاں یہ ہیں کہ فونز میں 5جی کی پرفارمنس کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ بیٹری ٹائمنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
فلیگ شپ موبائلز کے بنیادی ماڈل ایس 21 میں 4000 ایم اے ایچ، جبکہ ایس 21 پلس میں 4800 ایم اے ایچ، اور ایس 21 الٹرا میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری کی گنجائش ہوگی۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایس 21 اور ایس 21 پلس میں پلاسٹک فنش، جبکہ ایس 21 الٹرا میں میٹل فنش ہو گی۔
جہاں تک تینوں ماڈلز میں کیمرا کی بات ہے تو لیکس کے مطابق ان فونز میں کیمرا موڈیول کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ایس 21 اور ایس 21 پلس میں 3 کیمرا سیٹ اپ کو اوپری جانب بائیں کونے میں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ الٹرا میں 4 کیمرے ہوں گے جس کے باعث اس ماڈل میں کیمرہ موڈیول باقی ماڈلز کی نسبت بڑا ہوگا۔
ایل ای ڈی فلیش کیمرہ موڈیول سے ہلکا سا دائیں جانب فٹ کیا گیا ہے۔ کیمرا میں 10 گنا آپٹیکل زوم ہو گا۔
ایک اور لیک کے مطابق یہ بھی ممکن ہے کہ سام سنگ اپنے ان فلیگ شپ موبائلز کے ڈبوں میں سے چارجر اور ہیڈفونز خارج کر دے گا۔ البتہ یہ قدم سام سنگ کا سب سے بڑا حریف ‘ایپل’ پہلے ہی اٹھا چکا ہے۔ یہاں تک کہ سام سنگ نے بھی اپنے موبائل گلیکسی ذی فولڈ 2 کے ڈبے میں سے ہیڈ فونز نکال لیے تھے۔
ریوٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ممکن ہے کہ سام سنگ ایس 21 الٹرا کے ریلیز کے ساتھ ہی اپنی نوٹ سیریز کو بند کر دے گا۔ اس کا مطلب یہ ہو گا کہ سام سنگ ایس 21 الٹرا میں اسٹائلس بھی دستیاب ہو گا مگر اسے موبائل سے علیحدہ کسی بیرونی مقام پر رکھنا ہو گا۔
اگر ان موبائل فونز کی قیمتوں کو زیر بحث لایا جائے تو لیکس کے مطابق شاید کورونا کی وبا کے باعث ان ماڈلز کی قیمتیں پچھلے ماڈلز کی قیمتوں سے کم ہوں گی۔ یعنی ممکن ہے کہ ایس 21 کی قیمت ایس 20 کی نسبت کم ہو گی۔