معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد معاشرتی اور سماجی ناہمواریوں کا عکاس ہے۔
اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دائرہ کار ضلعی سطح تک وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ معصوم بچوں پر ذہنی، جسمانی اور جنسی تشدد کرنیوالے سفاک درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ معصوم بچی کے تشدد میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کر کے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سوموار کو بچی عدالت پیش کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو اپنی تحویل میں لے لے گا۔
گزشتہ روز فیصل آباد کے ایڈن گارڈن کنال روڈ سوسائٹی کے صدر رانا منیر نے بیوی سمیت دو خواتین اور کم عمر بیٹے کے ہمراہ ایک بچی کو سرعام مارا پیٹا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی اسے بچانے آگے نہ آیا۔
تشدد کے دوران بچی کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور پھینکا گیا اور اس کے سر سے دوپٹا بھی نوچ لیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی جس میں کم عمر بچی پر خواتین اور مرد کو تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس واقعہ پر پورے ملک میں غم و غصہ کہ لہر دوڑ گئی اور سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید احتجاج کیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تاکہ آج رانا منیر کو مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا۔