مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد افضل کھوکھر نے ورکرز کنونشن میں ‘گو نواز گو’ کا نعرہ لگا دیا جس پر جلسے میں کھلبلی مچ گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے کنونشن میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب لیگی رہنما محمد افضل کھوکھر نے ‘گو عمران گو’ کے بجائے ‘گو نواز گو’ کا نعرہ لگا دیا۔
کھوکھر پیلس میں ہونے والی تقریب میں مسلم لیگ ن کی خواتین ورکرز بھی موجود تھیں۔ افضل کھوکھر نے پہلے نوازشریف، مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے نام لے کر زندہ باد کے نعرے لگوائے اور بعد ازاں جوش خطابت میں ان کی زبان پھسل گئی۔
افضل کھوکھر کو جیسے ہی اپنی غلطی کا احساس ہوا انہوں نے’وزیراعظم نوازشریف‘ اور’گو نیازی گو‘ کے نعرے لگوانا شروع کر دیئے۔
تقریب میں مریم نواز کے علاوہ پرویزرشید اور دیگر پارٹی رہنما بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ بعد ازاں نوازشریف نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ایسا ہو چکا ہے کہ ن لیگی رہنما یہ غلطی کر چکے ہیں۔
2014 میں لیگی رہنماء پیر صابر شاہ نے بھی پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کنونشن میں جوش خطابت میں’گو نواز گو‘ کے نعرے لگا دیے تھے۔
اسی طرح گزشتہ برس جے یو آئی ف کے رہنما مولوی عطاء الحق درویش نے غلطی سے آزادی مارچ میں ’گونواز گو‘ کا نعرہ لگوا دیا تھا، اسٹیج پر موجود دیگر رہنماؤں نے مولانا درویش کی تصحیح کی اور انہیں احساس دلایا کہ وہ کیا کہہ گئے ہیں۔
2019 میں پنجاب اسمبلی کے باہر حکومت مخالف نعرے بازی کے دوران لیگی خاتون رکن عظمیٰ بخاری کی زبان پھسل گئی تھی اور انہوں نے ’گو عمران گو‘ کے بجائے ’گو نواز‘ کہہ ڈالا تھا۔