لاہور سے تعلق رکھنے والے ذوالقرنین سکندر نے ٹک ٹاک ایپ پر ایک کروڑ فالوورز کا ہدف سر کر لیا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے پوری دنیا میں بےشمار لوگوں کو شہرت کی بلندیوں سے نوازا۔ یہ ایپ نہ صرف پوری دنیا میں مقبول ہے بلکہ پاکستان میں بھی اس کی شہرت کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق 2019 میں ایک کروڑ 95 لاکھ پاکستانیوں نے یہ ایپ ڈاؤنلوڈ کی۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی لڑکے ہونے کا تاج بھی ذوالقرنین سکندر کے سر جا چکا ہے۔
رواں سال اکتوبر میں پہلے پاکستانی ٹک ٹاک اسٹارز جنت مرزا اور پھر کنول آفتاب نے ایک کروڑ فالوورز کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
ذوالقرنین کی اس کامیابی پر پاکستانی ٹک ٹاکر کنول آفتاب نے انہیں مبارک باد پیش کی اور اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ذوالقرنین کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی۔
2018 میں اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ذوالقرنین نے ٹک ٹاک پر ویڈیوز اپلوڈ کرنے کا آغاز کیا تھا۔ بہت جلد ان کو ٹک ٹاک صارفین نے سراہا اور وہ کم وقت میں اچھی شہرت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
آج کل وہ ایکسپریس چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے ‘ماسٹرز’ میں اداکاری کر رہے ہیں۔ یہ ذوالقرنین کا پہلا ڈرامہ ہوگا۔
خبروں کے مطابق ذوالقرنین جلد ہی دیگر شہرت یافتہ ٹک ٹاکرز کے ساتھ ایک شارٹ فلم میں بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ ذوالقرنین سکندر ایک فیئرنس کریم کے اشتہار میں جلوہ گر ہوئے تھے جس پر فینز نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ناقدین کے مطابق حسن کا معیار رنگت کو سمجھنا اور پھر اس خیال کو فروغ دینا ناقابل قبول عمل ہے۔
یاد رہے کہ ڈان کی ایک خبر کے مطابق اس سے پہلے جنت مرزا کو بھی نامور ڈائریکٹر سید نور نے اپنی نئی آنے والی پنجابی فلم ‘تیرے باجرے دی راکھی’ میں کاسٹ کیا تھا۔ فلم کی ریلیز کورونا وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔