ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے پریس کانفرنس میں نیب کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اب نیب اور میری جنگ نہیں بلکہ نیب اور پورے پاکستان کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے جن لوگوں پر ظلم کئے ان کے خاندان والوں کو سینیٹ میں بلائیں گے۔ نیب پورے ملک کو گرفتار کرے، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہرصورت نیب کو ایکسپوز کرنا ہے، ہم نیب کے اسٹاف کی ڈگریاں چیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہو گا کہ کوئی نیب کا احتساب کرے گا، ہم ان کے طرح چھپے کمروں میں انوسٹی گیشن نہیں کریں گے۔
سلیم مانڈوی والا کے مطابق وہ حکومت و اپوزیشن کے ساتھ مل کر نیب کی طاقت میں کمی کے لیے قانون سازی کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو خط لکھا ہے کہ نیب نے لوگوں پر ظلم کئے ہیں، نیب کی تحویل میں لوگ مرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی تحویل میں کتنے لوگ مرے ہیں یہ ہم بتائیں گے، سینیٹ آف پاکستان نیب کے آمدنی سے زائد اثاثہ جات چیک کرے گا، نیب کی حراست میں جتنے لوگوں کی اموات ہوئیں سب سامنے لائیں گے۔
سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ اب ہم چیک کریں گے کہ نیب کے اہلکار کیسے تعینات ہوئے، تفتیشی افسر مدثر کی تعیناتی بھی چیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے خلاف بولنے پر لوگوں نے مجھ سے رابطہ کرکے کہا کہ آپ جہاد کر رہے ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام ممبران اور سفرا سے ملاقات کر کے نیب کو نہ صرف پاکستان بلکہ تمام دنیا میں بلیک لسٹ کرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی ریکوزیشن میں بھی نیب کا معاملہ زیر غور آئے گا، نیب قانون میں ترمیم لانے کیلئے جلد حکومت اور اپویشن میں اتفاق ہو گا۔