وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے رکھ دیا ہے، امید ہے جنوری کے آخر تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بے شرمی اور ڈھٹائی میں اسحاق ڈار پی ایچ ڈی کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ بڑی طاقتوں کو لوٹی ہوئی رقوم اور لٹیروں کو پناہ نہیں دینی چاہیے۔ پاکستان سے پیسے لوٹ کر لندن میں سرمایہ کاری کرنے سے برطانوی حکومت کی بھی سبکی ہو رہی ہے۔
نوازشریف کو واطن واپس لانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ وہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے بھی بات کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران عمران خان نے مطالبہ کیا تھا کہ ترقی پذیر ملکوں سے رقم کا غیر قانونی انخلا روکنے کے لیے اقدامات ہونے چاہیئں۔ بدعنوان سیاست دانوں اور جرائم پیشہ افراد کی لوٹی ہوئی دولت واپس کی جائے۔
انہوں نے ترقی پذیر ملکوں کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پس ماندہ ملکوں کے قرضے معاف کیے جائیں۔ 5سو ارب ڈالر کا خصوصی فنڈز مختص کیا جائے۔ کم ترقی یافتہ ملکوں کے لیے رعایتی قرضوں کی سہولت دی جائے۔