امریکہ میں کورونا وائرس کے مسلسل تیسرے روز ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں، جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق ہفتے کے روز 2 لاکھ 30 ہزار نئے کیسز اور 2527 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
گزشتہ 2 ہفتوں سے امریکہ میں روزانہ 2000 سے زائد اموات سامنے آ رہی ہیں، امریکی حکومت نے گزشتہ ہفتے تھینکس گونگ کی چھٹیوں پر بے تحاشا سفر کرنے پر شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ اس سے کورونا کی شدت میں اضافہ ہو گا۔
عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کورونا وبا اس وقت تک دنیا میں 15 لاکھ افراد کی جان لے چکی ہے جبکہ 6 کروڑ 60 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 94 سالہ ملکہ ایلزبتھ کو اگلے چند ہفتوں میں فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ ویکسین کی پہلی خوراک دی جائے گی، برطانیہ میں اگلے ہفتے سے شہریوں کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جا رہی ہے۔
ملکہ ایلزبتھ کے 99 سالہ شوہر پرنس فلپ کو بھی شروع میں ویکسین کی خوراک دی جائے گی، دونوں میاں بیوی کو ان کی بڑی عمر کی وجہ سے ویکسین کی فراہمی میں ترجیح دی جا رہی ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق شاہی خاندان کے سینئر ارکان کو ویکسین لگانے کا بڑا مقصد شہریوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کیونکہ اس وقت مغربی ممالک میں ویکسین کے متعلق غلط افواہیں عروج پر ہیں جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ ایک بڑی تعداد اس کے استعمال سے انکار کر دے گی۔
برطانیہ میں کیئر ہوم میں رہنے والے بڑی عمر کے افراد کو سب سے پہلے ویکسین دی جائے گی اس کے علاوہ 80 سال سے زائد عمر کے لوگ اور طبی عملے کو ترجیح دی جائے گی۔